نئی دہلی(شِنہوا)بھارت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گوئل کو کینرا بینک کے ساتھ تقریباً 6 کروڑ50 لاکھ60 ہزار ڈالرکے مبینہ فراڈ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔
بھارت میں اقتصادی قوانین کو نافذ کرنے اور معاشی جرائم کے تدارک کے لیے ذمہ دار ایجنسی نے ممبئی میں ای ڈی کے دفتر میں تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد گزشتہ رات نریش گوئل کو گرفتار کیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 74 سالہ گوئل کو ممکنہ طور پرممبئی میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کینرا بینک کی طرف سے ایئر لائن، نریش گوئل، ان کی اہلیہ اور ایئر لائن کے ایک سابق ڈائریکٹر کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جیٹ ایئرویز کے لیے قرض کی حد کی سہولت منظور کی گئی تھی تاہم ایئر لائن نے بینک کے ساتھ 6 کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار ڈالرمالیت کی دھوکہ دہی کی ۔
شکایت کی بنیاد پربھارت کی اعلیٰ تفتیشی ایجنسی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے مئی میں اس سلسلے میں ایک پولیس کیس درج کیا جس کے بعد ای ڈی نے جولائی میں دہلی اور ممبئی کے متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔