نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کی شمالی ریاست پنجاب میں بدھ کی صبح ایک فوجی اڈے میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
حملہ آور اور ہلاک شدہ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 35 منٹ پر پنجاب کے بھٹنڈا فوجی اڈے میں پیش آیا ۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے فوجی وردی نہیں پہنی ہوئی تھی۔
خبر رساں ادارے اے این آئی نے فوج کے ایک بیان کا حوالے دیتے ہو ئے کہا کہ اسٹیشن کی فوری ردعمل ٹیمز حرکت میں آگئیں اور علاقے کو گھیرے میں لیکر بند کردیا جہاں تلاشی کا کام جاری ہے۔
دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی اڈے میں موجود تمام افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حملہ آورکی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔
دریں اثنا مقامی پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں دہشت گردی کا عنصر نہیں ملا ہے ۔ دو روز قبل ایک انساس رائفل اور 28 کارتوسوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔