نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوا کےمعیارکے نظام، موسمیاتی پیشن گوئی اور تحقیق کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کی ہوا کا مجموعی معیار خراب کے درجے میں پہنچ گیا ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئی دہلی اور اس کے آس پاس کے کچھ علاقے بہت خراب کے درجہ میں رہے ہیں۔
پیشن گوئی کی گئی ہے کہ دہلی کی ہوا کا معیار دیوالی کے تہوار تک خراب کے درجے اور بہت ہی خراب کے زمرے کے نچلے درجے کے درمیان ہی رہے گا۔
دیوالی کا یہ تہوار پیر کو دھواں چھوڑنے والے پٹاخوں کے پھوٹنے کے ساتھ منایا جائے گا۔
بھارتی دارالحکومت میں تاہم پٹاخے پھوڑنے پر پابندی ہے۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ آف انڈیا نے حال ہی میں دیوالی کے تہوار کے موقع پر دہلی میں پٹاخوں پر پابندی ہٹانے بارے درخواست کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیر تک ہوا کا معیار بہت خراب کے درجے میں جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دھوئیں اور دھند کی چادر تنی ہوئی دیکھی گئی ہے۔
بھارتی دارالحکومت میں اکتوبر سے فروری تک موسم سرما کے مہینوں کے دوران فضائی آلودگی کی بد ترین سطح دیکھی جاتی ہے۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی وجوہات میں تعمیراتی کام اور مسمار کرنے کی سرگرمیاں، ہریانہ اورپنجاب کی ریاستوں میں کسانوں کی جانب سے فصل کی کٹائی کے بعد رہ جانے والی خشاک کو جلانا،اور گاڑیوں کی آلودگی شامل ہیں جن کا اکثر حوالہ دیا جاتا ہے۔