نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کی شمالی پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں ایک بس کھائی میں گرنے سے 20 سے زائد افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس نے بدھ کو بتایا کہ حادثہ منگل کو رات دیر گئے پیش آیا۔ اب تک 20 لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثہ ضلع پوری گڑھ وال کے علاقے دھوماکوٹ کے قریب پیش آیا۔
500 میٹر گہری کھائی میں گر نے والی بدقسمت بس میں شادی کی تقریب میں جا نے والے 45 باراتی سوار تھے۔
امدادی کام رات بھر جاری رہا تاہم اس میں اندھیرے کے سبب رکاوٹ آئی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اسے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس المناک لمحات میں میری ہمدردی سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ امید ہے زخمی افراد جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ امدادی کام جاری ہے اور متاثرہ افراد کو ہرممکن مدد دی جائے گی۔