نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک بس پل سے نیچے گر نےکے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ منگل کے روز مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں پیش آیا۔ کھرگون سے ریاست کے اندور شہر کی طرف جانے والی مسافر بس 50 فٹ کی اونچائی سے خشک ندی کے کنارے گر گئی۔
مقامی قانون ساز روی جوشی نے فون پر بتایا کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیاہے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ بس میں گنجا ئش سے زیا دہ افراد اور سامان موجود تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہلخانہ اور زخمیوں کے لئے مالی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی متاثرین کے لئے اضافی مالی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔