نیو دہلی(شِنہوا) بھارت کی شمالی ریاستوں اتر پردیش، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات گرنے کے واقعات میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اتر پردیش کے مین پوری ضلع میں ہفتہ کی شام آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ شمالی پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں 11 افراد کو لے جانے والی ایک گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے کے بعد پہاڑی سے پھسل گئی۔ یہ واقعہ ٹہری ضلع کے گولر علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والے تین افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ پانچ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک مزید شمالی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں اتوار کی صبح مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں میاں بیوی اور ان کا بچہ بھی شامل ہے۔ ہماچل پردیش کے کلو اور چمبا اضلاع میں بارش سے متعلق دو دیگر اموات کی اطلاع ملی ہے۔