ژینگ ژو(شِنہوا)چین میں 2022ء کی پہلی ششماہی کے دوران سیٹلائٹ نیویگیشن و پوزیشننگ سروسز کی ایپلی کیشنز میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے جس سے بے ڈو نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم(بی ڈی ایس) کو سپورٹ کرنیوالے سمارٹ فونز کی ترسیل 13 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
بدھ کے روز شروع ہونیوالی بی ڈی ایس ایپلی کیشنز کانفرنس کے مطابق گلوبل نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹم (جی این ایس ایس) اینڈ لوکیشن بیسڈ سروسز(ایل بی ایس ) ایسوسی ایشن آف چائنہ کے صدر یوشیان چھینگ نے کہا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کی سیٹلائٹ نیویگیشن اور پوزیشننگ سروس انڈسٹری میں کاروباری اداروں کی مجموعی آمدن اور منافع میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
چائنہ جی این ایس ایس اینڈ ایل بی ایس کی 11 ویں سالانہ کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مختلف سطحوں پر اپ اسٹریم بیسک ڈیوائسز، مڈ اسٹریم ٹرمینلزو سسٹم انٹیگریشن اور ڈاؤن اسٹریم آپریشن سروسز کی پیداواری قدر میں بھی اضافہ ہواہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 2022ء کی پہلی ششماہی کے دوران بی ڈی ایس کی بڑے پیمانے پر استعمال ہونیوالی ایپلی کیشن ڈیوائسز کی تعداد تقریباً 14 کروڑ تک پہنچ گئی ہے جن میں بی ڈی ایس کو سپورٹ کرنیوالے 13 کروڑ سے زائد سمارٹ فونز بھی شامل ہیں۔