لاس اینجلس (شِنہوا) ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی بے قاعدہ نیند اور تاخیر سے سونا نوجوانوں کے خراب تعلیمی گریڈز اور اسکول میں ان کے طرزعمل سے متعلق مسائل کا سبب بنتا ہے۔
یہ تحقی امریکہ کے قومی ادارہ برائے صحت کے مالی تعاون سے کی گئی۔
قومی ادارہ برائے صحت نے ایک بیان میں کہا کہ محققین نے ایک بڑی تحقیق میں شریک تقریباً 800 نوعمر افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔ شرکاء نے گریڈ اور اسکول سے متعلق طرز عمل کے مسائل پر معلومات فراہم کی تھی۔ انہیں ایک ہفتے تک کلائی پر ایکسلرومیٹر بھی پہنایا گیا تاکہ تحقیقی عملہ ان کی نیند کی نوعیت کا اندازہ کرسکے۔
ایک جیسے سونے کے اوقات نہ رکھنے والے شرکاء کوان افراد کی نسبت تعلیمی نتائج میں آخری درجہ بندی یعنی ڈی ملنے کا زیادہ امکان تھا جو زیادہ مستقل مزاجی سے وقت پر سوجاتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق ایسے نوجوانوں کے تعلیمی نتائج میں اے گریڈ کی شرح بہت کم رہی جو تاخیر سے سوئے اور تاخیر سے اٹھے یا ان کی نیند کے دورانیہ میں فرق پایا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو برس میں تاخیر سے جاگنے، رات کو مختلف دورانیوں میں سونےوالے نوعمر افراد کی تعلیمی اداروں سے معطلی یا نکالے جانے کے امکانات زیادہ ملے۔
محققین کی رائے میں سونے میں تاخیر سے وہ اسکول دیر سے پہنچتے ہیں جس سے سیکھنے کا عمل اور ان کا طرز عمل متاثر ہوسکتا ہے۔