یروشلم(شِنہوا) اسرائیلی محققین نے آر این اے پر مبنی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خون کے کینسرمائیلوما کے خلیات تباہ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے، یہ دوائی ٹارگٹڈ لپڈ نینو پارٹیکلز کے ذریعے خلیوں تک پہنچائی گئی۔
تل ابیب یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دنیا بھر میں اس طریقہ کار کو پہلی بار ستعمال کرتے ہوئے لیبارٹری کے اندر90 فیصد سے زیادہ مائیلوما کینسر کے خلیات جبکہ اسرائیل کے رابن میڈیکل سنٹر کے مریضوں سے لئے گئے انسانی ٹشوز میں 60 فیصد خلیات کوختم کیا گیا۔
جریدے ایڈوانسڈ سائنس میں شائع تحقیق کے مطابق محققین نے کوویڈ-19 کی ویکسین میں استعمال کیے گئے لپڈ پر مبنی نینو پارٹیکلز تیار کیے جن میں آر این اے مالیکیولز شامل تھے جنہوں نے سی کے اے پی 5جینز کو بے اثر اور سائٹوسکلٹن سے منسلک پروٹین کو انکوڈنگ کردیا۔ اس طرح سے پروٹین کی افزائش رکنے سےکینسر سیل مزید تقسیم ہونے کے قابل نہ رہے اور بنیادی طور پر ختم ہوگئے۔