• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 8th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کا راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ پر حملہتازترین

January 27, 2023

غزہ(شِنہوا)اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جمعہ کے روز غزہ کے ساحلی علاقے سے فائر کیے گئے راکٹوں کے جواب میں غزہ کی پٹی میں جنگجو گروپوں کی تنصیبات پر کئی فضائی حملے کیے۔

عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ڈرونز اور لڑاکا طیاروں کی فضا میں گونج سنائی دی، اور وسطی غزہ کی پٹی میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ انہوں نے  کہا کہ غزہ کے جنگجو گروپوں سے تعلق رکھنے والی ایک فوجی چوکی پر 14 سے زیادہ میزائل داغے گئے۔

فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ حملوں کے دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی جس میں بنیادی طور پر اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) اور فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) کی پوسٹوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ فضائی حملے جنوبی اسرائیل پر پہلے دو راکٹ داغے جانے کا اسرائیلی ردعمل تھے۔ کسی گروپ نے راکٹ داغنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ فلسطینی حملے جمعرات کو مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیلی حملے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 10 فلسطینیوں کی ہلاکت کا ردعمل تھے۔

حماس  کے قریبی ذرائع نےشِنہوا کو بتایا جمعہ کے روز اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران حماس کے زیر اقتدار ساحلی انکلیو میں عسکریت پسندوں نے غزہ کی پٹی کی سرحدوں کے قریب جنوبی اسرائیلی کمیونٹیز پر بھی کم از کم پانچ راکٹ فائر کیے اور حماس کے جنگجوئوں کی جانب سے اسرائیلی لڑاکا طیاروں پر طیارہ شکن میزائل فائر کیے گئے۔

غزہ کے ذرائع ابلاغ نے مصری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مصری انٹیلی جنس غزہ میں کشیدگی کو روکنے کے لیے فلسطینی دھڑوں کے ساتھ گہرے رابطے میں ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنوری کے آغاز سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے جس میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 29 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی حکام نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی سربراہی میں نئی اسرائیلی حکومت کے قیام کے بعد بنیادی طور پر فلسطینیوں کے اسرائیلی قتل عام میں اضافے سے خبردار کیا تھا۔