رم اللہ / بیت المقدس(شِنہوا) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنگجوگروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اسے دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث کم از کم 5 فلسطینی جاں بحق اور تقریباً 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ مغربی کنارے کےدوسرے بڑے شہر نابلس کے قصبہ یا قدیم شہر میں رات گئے ایک نو تشکیل شدہ مسلح گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جسے "شیروں کی کچھار" کے نام سے پکارا جاتا تھا۔
عینی شاہدین اور شہر کے رہائشیوں کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک بڑے گروہ نے صبح سویرے بکتربند گاڑیوں اور جاسوس ڈرونز کی مدد سے نابلس میں ایک عمارت پر دھاوا بولا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیو فوٹیج میں عمارت اور قریبی گلیوں سے آگ اور دھواں اٹھتے دکھایا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد 20 اور 30 سال تک عمر کے تھے۔ مزید 21 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں 4 شدید زخمی ہیں۔
وزارت نے ایک بیان میں مزید بتایا کہ ان 5 اموات کے علاوہ رم اللہ شہر کے قریب اسرائیلی فوجیوں کےساتھ جھڑپ کے دوران ایک اور فلسطینی جاں بحق ہو گیا ہے۔
فلسطین کے صدر محمودعباس کے ترجمان نبیل ابو رودینا نے کہا کہ شمالی شہر کیخلاف اسرائیلی فوج کی جارحیت کو روکنے کیلئے صدر محمود عباس نے فوری رابطے کیے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہاکہ اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نابلس شہر پر بالخصوص اور پورے مغربی کنارے پر بالعموم جارحیت فلسطینی عوام کے خلاف ایک حقیقی جنگی جرم ہے۔