رم اللہ(شِنہوا)اسرائیلی فوج نےجمعرات کو شمال مغربی کنارے کےشہرنابلس میں ایک فلسطینی قیدی کا خاندانی گھر دھماکے سے اڑا دیا جو آٹھ ماہ قبل ایک اسرائیلی کوقتل کرنے میں ملوث تھا۔
فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بکتر بند گاڑیوں اور بلڈوزروں کی مدد سے شہر پر دھاوا بول کر شہرسےتعلق رکھنے والے ایک فلسطینی کمال جوری کے گھر کو مسمار کر دیا جسے فائرنگ حملے میں ملوث ہونے پرگرفتار کیا گیا تھا۔
130 مربع میٹر کا یہ اپارٹمنٹ ایک رہائشی عمارت کی دوسری منزل پر واقع تھا جس میں پانچ افراد کا خاندان رہائش پذیرتھا۔ جوری شیروں کا مرکز کہلانے والے مسلح گروپ کا رکن تھاجسے 13 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی جہاں مکان کو تباہ کرنے سے پہلے فوجیوں نے مکینوں کو وہاں سے نکالا اورانہیں دور رہنے کو کہا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ درجنوں فلسطینیوں اوراسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور فلسطینیوں نے فوجیوں پر پتھراؤ کیا جنہوں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔