یروشلم (شِنہوا) اسرائیلی فوج نے غزہ کی شمالی پٹی میں حماس کے مضبوط گڑھ پر قبضہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔
اپنی تازہ ترین آپریشنل اپ ڈیٹ میں، اسرائیلی فوج نے کہا کہ فوجیوں نے شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کے"فوجی گڑھ"کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جہاں ٹینک شکن میزائل اور لانچرز، ہتھیار اور مختلف انٹیلی جنس مواد موجود تھا۔ اپ ڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ حماس کے متعدد عسکریت پسندوں کا القدس اسپتال سے متصل ایک عمارت سے اسرائیلی فورسز پر حملہ کرنے کا منصوبہ تھا جس پر اسرائیلی فوجیوں نے عسکریت پسندوں پر حملہ کے لیے ایک طیارے کو ہدایات دیں جس سے وہاں موجود گولہ بارود میں دھماکے ہوئے جو شہری علاقے میں حماس کے ہتھیاروں کے ڈپو کی موجودگی کا ثبوت ہے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے القدس اسپتال سے 50 میٹر کے فاصلے پر گولہ باری کی ہے جہاں 14 ہزار سے زائد بے گھر فلسطینیوں نے پناہ حاصل کررکھی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گولہ باری کی وجہ سے "ہسپتال کے عملے، مریضوں اور بے گھر افراد میں سے کم از کم 60 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ساتھ ہی ہسپتال کی عمارت، ایمبولینسوں اور امدادی گاڑیوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔"