یروشلم(شِنہوا)اسرائیلی ڈاکٹروں نے پیر کو 24 گھنٹے کی انتباہی ہڑتال کی۔ یہ بات اسرائیل کی میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے کہی جو ملک میں زیادہ تر ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ہے۔
اس ہڑتال کا اعلان مریضوں اور انکے اہل خانہ کےطبی عملے پر تشدد کے حالیہ واقعات کے بعد کیا گیا جس میں اسرائیل بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور کلینکس کے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
آئی ایم اے کے مطابق ہڑتال کے دوران صرف جان بچانے کیلئے ہنگامی علاج اور سرجری کی گئی۔
آئی ایم اے کے چیئرمین زیون ہاگئی نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں تشدد ایک وبا کی شکل اختیار کر چکا ہے جس میں تقریباً ہر روز حدود سے تجاوز کیا جاتا ہے۔
گزشتہ ہفتے جنوبی شہر بیئر شیوا کے سوروکا ہسپتال میں ایک مریض کے والدین کی طرف سے ماہر امراض اطفال کو مارا پیٹا گیا اور مرکزی شہر رم اللہ کے ایک کلینک میں ایک ماہر امراضِ نسواں پر مریض نے حملہ کیا۔