اسرائیلی وزیر خارجہ ایلائی کوہن (دائیں) یروشلم میں ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے مصافحہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
انقرہ(شِنہوا)اسرائیلی وزیر خارجہ ایلائی کوہن نے کہا ہے کہ اسرائیل دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے ایک حصے کے طور پر جمعرات کو ترکی کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرے گا۔
ایلائی کوہن نے منگل کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوغلوکے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل سے ترکی کے لیے پروازیں دو دن میں دوبارہ شروع ہو جائیں گی جبکہ ہماری تین اہم ایئر لائنزپروازیں شروع کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر اہم اور خوبصورت ملک ترکی اور اسرائیل کے درمیان اہم تعلقات کو فروغ دیں گے۔
کوہن نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کو آگے لے جانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو اس کی سابقہ سطح پر بحال کریں گے۔
اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ ہفتے ترکی کے تباہ کن زلزلوں کے پہلے دن ایک 450 رکنی امدادی ٹیم بھیجی، جس کے بعد دیگر ٹیموں نے زلزلہ زدہ علاقے میں ایک فیلڈ ہسپتال کا قیام عمل میں لایا۔
کوہن نے ترکی کو انسانی امداد جاری رکھنے کا وعدہ کیا اور متاثرین کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلونے اس موقع پر کہا کہ اسرائیل ان اولین ممالک میں سے ایک ہے جس نے ترکی کوامدادبھیجی، انہوں نے مدد کے لیے اسرائیل کا شکریہ ادا کیا۔