غزہ(شِنہوا)اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی جانب پیدل جانے والوں کے لیے واحد راہداری ایریز کراسنگ کو بند کر دیا ہے جس سے غزہ کے کارکنوں کو اسرائیلی شہروں میں اپنے کام کی جگہوں تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔
فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی حکومت کی سرگرمیوں کے رابطہ کار غسان الیان نے پیر کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ بندش 24 گھنٹے تک جاری رہے گی اورساحلی انکلیو میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایریز کراسنگ کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
دریں اثنا ایک فلسطینی ذریعے نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیل نے ساحلی علاقے کے مشرقی حصوں میں تازہ پُرتشدد مظاہروں پر غزہ کی حکمران اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کو سزا کے طور پر کراسنگ بند کر دی ہے۔
اسرائیل کا یہ اقدام غزہ میں سینکڑوں فلسطینیوں کی جانب سے سرحد کے قریب مظاہرے اور وہاں تعینات اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
یہ مظاہرے بدھ، جمعہ اور اتوار کو ہوئے جب مظاہرین نے اسرائیلی فوجیوں پر پتھراوکیا اورگھریلو ساختہ دھماکہ خیز مواد پھینکا۔