یروشلم(شِنہوا) اسرائیلی فورسز نے مارچ میں تل ابیب میں ایک ریستوران کے باہر ہونے والی ہلاکت خیز فائرنگ میں ملوث ایک فلسطینی کی رہائش گاہ کو مسمار کر دیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے منگل کوایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ وسطی مغربی کنارے کے قصبے نائلین میں معتاز خواجہ کی رہائش گاہ کو مسمار کر دیا گیا ہے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے اطلاع دی ہے کہ تقریباً 50 گاڑیوں پر مشتمل اسرائیلی فورس نے نائلین پر دھاوا بول دیا اور کئی عمارتوں کو گھیرے میں لے لیا جس سے مقامی فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوئیں جس میں کم سےکم دو فلسطینی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ فلسطینی نوجوانوں نے جلتے ہوئے ٹائر،دھماکہ خیز مواد اور پتھر فوجیوں کی طرف پھینکے۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ہنگاموں کو منتشر کرنے کے طریقوں کے ذریعے جوابی کارروائی کی۔
گزشتہ 9 مارچ کی رات معتاز خواجہ نے بارز اور ریستورانوں کے لیے مشہور ڈیزنگوف سٹریٹ میں راہگیروں پر فائرنگ کی اورجائے وقوعہ سے فرار ہونے سے پہلے تین اسرائیلیوں کوگولی مار کر زخمی کر دیا لیکن مقامی رہائشیوں اور گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔
حملے کا نشانہ بننے والا 32 سالہ اسرائیلی شہری ایشکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 11 دن بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔