یروشلم (شِنہوا) اسرائیل کی دفاعی الیکٹرانکس کمپنی ایلبٹ سسٹمز نے کثیر المقاصدبغیر پائلٹ فضائی نظام پر مبنی ڈرون (یو اے ایس) کی رونمائی کی ہے جسے ہرمز 650 سپارک کا نام دیا گیا ہے۔
ایلبٹ نے ایک بیان میں کہا کہ نئی درمیانی اونچائی والی اگلی نسل کا بغیر پائلٹ فضائی نظام 8 ماڈیولر سٹوریج سٹیشنوں پر مجموعی طور پر 120 کلوگرام تک وزنی پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ڈھانچے میں پے لوڈ کے لیے 2 اہم خانے اور پروں پر چھ مقامات مختص کئے گئے ہیں۔
بغیر پائلٹ فضائی نظام پر مبنی اس ڈرون میں متعدد پے لوڈز کولے جانے کی صلاحیت کے علاوہ اعلیٰ معیار کے الیکٹرو آپٹکس،ریڈار، سگنل انٹیلی جنس اور دیگراعلیٰ درجے کے افعال کا بیک وقت انضمام بھی موجود ہے۔
یہ زندگی بچانے والی کشتیوں کو فضا سے گرانے جیسی کارروائی کے لئے پے لوڈ کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
یہ ڈرون 22 ہزار فٹ ( 6 ہزار 706 میٹر کی بلندی) پر 24 گھنٹے پرواز اور 300 کلومیٹر تک کی مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 222 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
بغیر پائلٹ فضائی نظام خودکار طریقے سے چلنے، اڑان بھرنے اور زمین پر اترنے کی صلاحیتوں سے لیس ہے اور یہ مختصر رن وے سے بھی آپریٹ کر جاسکتا ہے۔