رم اللہ(شِنہوا)اسرائیل نے مغربی کنارے میں وائرلیس مواصلات کی چوتھی اور پانچویں جنریشن کیلئے فریکوئنسی مختص کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
فلسطینی سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ محمد مصطفیٰ نے گزشتہ روز صحافیوں کو اسرائیل کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیصلے کو فلسطینی حکام نے بھی قبول کر لیا ہے۔
محمد مصطفیٰ جو فلسطینی صدر محمود عباس کے اقتصادی مشیر بھی ہیں ، انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور اسرائیلی فریق فیصلے پر عمل درآمد کی تفصیلات کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔
مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے اسرائیل کے ساتھ 12 سال کے مذاکرات کے بعد جنوری 2018ء میں موبائل فون کیلئے تیسری جنریشن کے وائرلیس مواصلاتی نظام کا استعمال شروع کیا تھا۔
فلسطینی حکام نے بار ہا اسرائیل پر مغربی کنارے اور غزہ پٹی کی کراسنگ کو کنٹرول کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر پر پابندیاں عائد کرنے کیلئے سیکورٹی اور اقتصادی بہانے استعمال کر رہا ہے۔