غزہ(شِنہوا) اسرائیل کے حملوں میں مزید97 فلسطینی جاں بحق اور 132 زخمی ہوگئے جس سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر29ہزار410 جبکہ 69ہزار465 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے جمعرات کو ایک پریس بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 97 فلسطینی جاں بحق اور 132 زخمی ہوئے اور یہ کہ شدید بمباری اور شہری دفاع اور ایمبولینس عملے کی کمی کے باعث کچھ متاثرین ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے جنوب میں الصابرہ اور الزیتون کے رہائشی علاقوں پر طیاروں کی بمباری سے بچوں سمیت کم از کم 20 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ غزہ کے مغرب میں الرمل کے رہائشی علاقے میں مکانات پر توپ خانے سے گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں، طیاروں اور توپ خانے سے وسطی اور مغربی علاقوں میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً 20 افراد جاں بحق ہوئے۔