غزہ(شِنہوا) اسرائیل کے غزہ کی پٹی میں جاری حملوں میں مزید107 فلسطینی جاں بحق اور 143زخمی ہوگئے، جس سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 27ہزار585 اور زخمیوں کی تعداد 66 ہزار978 ہوگئی ہے۔
حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے منگل کو ایک پریس بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 فلسطینی جاں بحق اور 143زخمی ہوئے۔ وزارت نے مزید کہا کہ شدید بمباری اور شہری دفاع اور ایمبولینس عملے کی کمی کی وجہ سے کچھ متاثرین ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ایک رہائشی چوک کو دھماکے سے اڑا دیا اور جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر سرکاری ہسپتال کے قریب ایک مکان کو تباہ کیا۔ فلسطینی دھڑوں کی جانب سے الگ الگ بیانات میں بتایا گیا کہ خان یونس میں ان کے ارکان کی اسرائیلی فوج سے جھڑپیں ہوئی ہیں۔