غزہ (شِنہوا) غزہ شہر کے علاقے الدراج میں ایک اسکول میں پناہ لیے ہوئے بے گھر افراد پراسرائیل کے فضائی حملے میں کم از کم 100 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
فلسطین کے طبی اور سیکورٹی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ حملے کے متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں غزہ کے الاہلی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کےوسطی الدراج محلے میں التابعین اسکول کو ہفتہ کی صبح اس وقت نشانہ بنایا جب بےگھر افراد فجر کی نماز ادا کر رہے تھے۔ عینی شاہدین نے شِنہوا کو بتایا کہ ایمبولینسز اور شہری دفاع کے وسائل کی کمی کی وجہ سے متاثرین کو پرائیویٹ کاروں اور گھوڑا گاڑیوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے بے گھر ہونے والے افراد پر اس وقت براہ راست بمباری کی جب وہ فجر کی نماز ادا کر رہے تھے جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ۔