غزہ(شِنہوا) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) نےکہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں خواتین کو حملوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔ انروا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں خواتین کے خلاف جنگ جاری ہے اور یہ کہ غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں 10ہزار سے زیادہ خواتین جاں بحق اور 19ہزار دیگر زخمی ہو چکی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں روزانہ اوسطاً 37 بچے اپنی ماؤں سے محروم ہورہے ہیں۔ انروا کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 1لاکھ 55ہزار سے زیادہ حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین کے لیے حالات زندگی خاص طور پر خوفناک ہیں، جنہیں پانی اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے۔