اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بہت سے لوگ غزہ میں امدادی آپریشن کے موثر ہونے کا اندازہ مصر اور غزہ کی سرحد کے پار ٹرکوں کی تعداد کی بنیاد پر لگارہے ہیں جو ایک غلطی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ جس طرح سے اسرائیل جارحیت کر رہا ہے اس سے وہ غزہ میں امداد کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں موثر امدادی آپریشن کے لیے سیکورٹی،عملہ جو حفاظت کرسکے، رسد کی صلاحیت اور تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے کام کر سکے کی ضرورت ہے اور یہ چاروں چیزیں موجود نہیں ہیں۔