یروشلم(شِنہوا)اسرائیل کی جنگی کابینہ نےغزہ جنگ بندی کے معاہدے پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک وفد اگلے ہفتے قطرکے دارالحکومت دوحہ بھیجنے کافیصلہ کیا ہے۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے شنہوا کو بتایاکہ وفد جس میں اعلیٰ عہدیدار شامل نہیں ہو گے،کو مذاکرات میں انسانی مسائل کے تکنیکی پہلوؤں پر بات چیت کرنے کا اختیاردیا گیا ہے۔
مذاکرات میں متوقع معاہدے میں ساڑھے چار ماہ سے جاری جنگ روکنے سمیت غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ غزہ کے لیےانسانی ہمدردی کی بنیاد پرامدادمیں اضافہ بھی شامل ہے۔
اسرائیلی کابینہ کی بحث ٹیلی فون پر ہوئی جس میں وزراء کو پیرس میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا،یہ مذاکرات قطری، مصری اور امریکی ثالثوں کی قیادت میں ہفتے کے آخر میں منعقد ہوئے تھے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ پیرس میں ہونے والے مذاکرات تعمیری تھے جس میں ایک معاہدے کا عمومی خاکہ طے پا گیا تاہم بعد میں حماس نےاہم پیش رفت حاصل ہونے کی تردید کی۔