• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 28th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

اسرائیل اور حماس سیاسی جرات کا مظاہرہ کرکے غزہ میں جنگ بند ی کریں،سربراہ اقوام متحدہتازترین

May 08, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ  کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور حماس سے کہا ہے کہ وہ سیاسی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ جنگ بندی کے لئے پیشرفت کریں۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں  میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نےغزہ کی پٹی اور مصر کی سرحد کے ساتھ رفح کے علاقوں کی بدترین  صورتحال پر روشنی ڈالی جو اس وقت بے گھر فلسطینیوں سے بھرے پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں انسانی صورتحال پر تشویش ہے، وہاں ضروری امداد اور ایندھن کی فراہمی ختم ہونے والی ہے۔ رفح اور کیرم شالم گزر گاہوں کی بندش  پہلے سے خراب انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ رہی ہے۔ان گزر گاہوں کو فوری کھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے اس لئے دونوں فریق  مزید کشیدگی کے بجائے سفارت کاری کا راستہ اختیا ر کریں۔

لوگ جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد تباہ ہونے والی عمارت کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ مسلسل لڑائی کے سنگین نتائج نکلیں گے، خاص طور پر رفح پر کسی بھی ممکنہ  بڑے حملے سے انسانی تباہی ہو گی۔  مزید ان گنت انسانی جانوں کا ضیاع ہو گا اور بے شمار لوگ ہجرت پر مجبور ہو جائیں گے اور ان کے کیلئے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہو گی کیونکہ غزہ میں کوئی بھی محفوظ مقام نہیں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے دیرینہ دوست بھی اس بات سے آگاہ ہیں کے رفح پر حملہ ایک سٹریٹیجک غلطی ،سیاسی آفت  اور  انسانیت  کے لیے ڈراونا خواب ہوگا۔ انہوں اسرئیل سے قریبی تعلقات رکھنے والے ممالک پر زور دیا کہ وہ اس تنازعے کو مزید بڑھنے سے روکنے میں کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔