میڈرڈ (شِنہوا) نوول کرونا وائرس عالمی وبائی مرض کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں روایتی چینی نئے سال کی عظیم الشان پریڈ منعقد ہوئی ہے جس میں خرگوش کے چینی نئے سال کی آمد کا جشن منایا گیا۔
اسپین میں چینی برادری کے سب سے بڑی آبادی کے مرکز میڈرڈ کے ضلع یوسیرا میں 600 سے زائد افراد نے روایتی ملبوسات پہن کر اور لالٹینیں اٹھائے ہوئے موسیقی کے ساتھ پریڈ کی۔ اس پریڈ نے ہزاروں مقامی لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
ایک مقامی رہائشی وکٹر لوپیز نے شِنہوا کو بتایا کہ خرگوش چینی منطقتہ البروج کی خوش قسمت ترین علامتوں میں سے ایک ہے جبکہ تقریب نے دلچسپ ثقافتی تبادلے کا منظر پیش کیا۔
ایک مقامی رہائشی آنا لوجان نے کہا کہ میرے خیال میں یہ تقریبات واقعی اہم ہیں، یہ سب کو اکٹھا کرتی ہیں، یہ سب کو متحد کرنے اور چینی ثقافت کے بارے میں مزید جاننے کا ایک اچھا طریقہ ہے۔
پریڈ کا لطف اٹھا نے والے آسکر گیبریل نے کہا کہ یہ ایک زبردست تقریب تھی جس سے بچوں کو دوسری ثقافتوں کے بارے میں جاننے میں مدد ملی، اسے مزید فروغ دینا چاہیے۔
میڈرڈ سٹی ہال کے مرکزی دفاتر کو بھی چینی نئے سال کا جشن منانے کے لیے سرخ رنگ میں روشن کیا گیا۔