استنبول(شِنہوا)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے اطلاعات نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں موجود صحافیوں کو اسرائیلی حملوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے مابین لڑائی کے آغاز کے بعد سے خطے میں 130 کے قریب صحافیوں کی ہلاکت کے معاملے پرترکیہ کے شہراستنبول میں وزراء کا ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے اختتام پرجاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں او آئی سی کے وزراء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں صحافیوں کو نشانہ بنا تے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرجوابدہ ٹھہرائے اور اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ اسرائیل عالمی میڈیا اداروں میں اپنی بالادستی کا فائدہ اٹھا رہا ہے اورغلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ بڑھارہا۔
ترک صدر نے کہا کہ " بطوراسلامی ممالک یہ ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ جھوٹ کو سچ پرغالب آنے سے روکاجائے جبکہ اسرائیل کی طرف سے غلط معلومات پھیلانے کی کوششوں کو روکنا ہماری اہم ترین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہیم طٰحہٰ نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئےرکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بنیادی ڈھانچے اور آلات کے حوالے سے فلسطینی میڈیا اداروں کی مدد کریں۔
طٰحہٰ نے او آئی سی رکن ممالک کے ذرائع ابلاغ پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کوزیادہ سے زیادہ کوریج دیں۔