ویلنگٹن(شِنہوا) بلیو والکر 3 سیٹلائٹ رات کو آسمان میں سب سے زیادہ روشن اشیاء میں سے ایک ہے جس سے زمین پر فلکیاتی ادارو ں کے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ زیادہ روشن سیٹلائٹ زمین کے نچلے مدار میں بھیجے جارہے ہیں۔
منگل کو جریدے نیچر میں شائع ہونے والے مشاہدات کے مطابق، بلیو والکر 3، ایک پروٹو ٹائپ کمیونیکیشن سیٹلائٹ ہے جسے گزشتہ سال 10 ستمبر کو لانچ کیا گیا تھا، اس کا ڈسپلے ایریا64.3 مربع میٹر ہےجو سورج کی روشنی کو منعکس کرنے کے لیے ایک بڑا ایریا ہے۔
یونیورسٹی آف کینٹربری اور یونیورسٹی آف آکلینڈ کی تحقیق میں کہا گیا ہے اپنی مکمل پوزیشن میں آتے وقت 8ضرب 8 میٹر کا سیٹلائٹ اسی شدت سے چمکتا ہے جتنا کہ ، رات کے آسمان کا آٹھواں روشن ستارہ پروسیون روشن ہوتا ، تحقیق میں نیوزی لینڈ کی ماؤنٹ جان آبزرویٹری کے مشاہدات بھی شامل ہیں۔
امریکہ میں اے ایس ٹی اسپیس موبائل کا تیار کردہ بلیو والکر 3 سیٹلائٹ وقتاً فوقتاً بین الاقوامی سفارشات سے سینکڑوں گنا زیادہ روشن ہوتا ہے اور تحقیق کے مصنفین نے کہا کہ یہ روشن دھبے ماہرین فلکیات کی زمین سے خلا کی نگرانی کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔