غزہ(شِنہوا) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) کے کمشنرجنرل فلپ لازارینی نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں قحط پھیلنے کے بین الاقوامی انتباہ کے بعد انروا کے خوراک اور کھانے پینے کی اشیا کے قافلوں کو شمالی غزہ تک پہنچنے اور اضافی زمینی راستے کھولنے کی اجازت دے۔
لازارینی نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں دیا، اس سے ایک دن پہلے ہیگ کی بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی آبادی تک بنیادی امداد کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ آئی سی جے کے حکم پر عمل درآمد کے لیے دباؤ بڑھائیں اور غزہ میں قحط کو روکنے کے لیے جرات مندانہ اقدامات اٹھاتے ہوئے ایجنسی کو فنڈز فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔ لازارینی نے خبردار کیا کہ غزہ میں 20 لاکھ سے زائد لوگوں کے حالات زندگی ابتر ہو رہے ہیں اورغزہ باوقار زندگی گزارنے کے لیے ایک ناممکن جگہ بنتا جا رہا ہے۔