• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 27th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

انور ابراہیم نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیاتازترین

November 25, 2022

کوالالمپور(شِنہوا) انور ابراہیم نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے ۔ انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل پیلس میں حلف اٹھایا۔ وہ ملائیشیا کے سابق نائب وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔

روایتی مالائی لباس میں ملبوس پاکٹن ہڑپن (پی ایچ) اتحاد کے سربراہ انور ابراہیم نے قومی محل سے براہ راست نشر ہونیوالی ایک تقریب میں ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ کے سامنے ملک اور عوام کی بھرپور خدمت کرنے کا عہد کیا۔

تقریب میں انور ابراہیم کے سیاسی اتحادی بھی شریک تھے۔

75سالہ انور نے 1993ء تا 1998ء باریسن نیشنل حکومت(بی این) میں سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کے ماتحت بطور نائب وزیراعظم خدمات سرانجام دیں۔ مہاتیر محمد کے ساتھ اختلافات کے بعد انور ابراہیم نے پیپلز جسٹس پارٹی بنائی جو اپنے مالائی مخفف پی کے آر کے نام سے معروف ہے اور اس جماعت نے بعد ازاں کئی قومی انتخابات میں حصہ لیا۔

انہوں نے بی این میں اپنے سیاسی کیریئر کے دوران ثقافت، نوجوان اور کھیل، تعلیم، زراعت اور مالیات کے قلمدان سنبھالے۔

پیپلز جسٹس پارٹی نے بعد میں کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ پی ایچ اتحاد تشکیل دیا، اتحاد نے 2018ء کے قومی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ملک کی آزادی سے لے کر2018ء تک اقتدار پر فائز رہنے والی باریسن نیشنل حکومت(بی این) کی طویل حکمرانی کا خاتمہ کیا۔