• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 26th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

انڈونیشیا میں زلزلے سے 14 افراد ہلاک ، 17 زخمیتازترین

November 21, 2022

جکارتہ(شِنہوا)انڈونیشیا کے صوبہ مغربی جاوا میں 5.6 شدت کے زلزلے سے کم از کم 14 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام اور موسمیاتی ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ زلزلے کے باعث سینکڑوں مکان اور عمارتوں کے ساتھ ساتھ ایک پل بھی تباہ ہو گیا ہے ، زلزلے کے جھٹکے ملک کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی کافی شدت کے ساتھ محسوس کیے گئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے اور تخفیف کے قومی ادارے کے سربراہ سوہاریانتو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زلزلے سے مرنیوالے افراد کی مجموعی تعداد اب 14 ہو گئی ہے اور 17 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

موسمیات ، ماحولیات اور جیوفزکس ایجنسی کے مطابق مغربی صوبے کا ضلع سیانجور سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے علاقوں میں سے ایک ہے۔

ضلع میں قدرتی آفات سے بچاؤ و انتظام ایجنسی کے ڈیٹا و انفارمیشن یونٹ کی سینئر افسر نینا فاطمہ نے بتایا کہ قدرتی آفت کے باعث مکانات، عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے فون پر شِنہوا کو بتایا کہ متاثر ہونیوالے مکانات اور عمارتوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ ایک پل بھی منہدم ہو گیا ہے۔

نینا فاطمہ کے بقول زلزلے کے اثرات کا اندازہ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے۔

صوبائی سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے ترجمان جوشوا بنجارناہور نے فون پر شِنہوا کو بتایا کہ زلزلہ متاثرین کی تلاش اور ریسکیو کیلئے امدادی ٹیموں کو زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔

انڈونیشیا کے جکارتہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے باعث لوگ عمارتوں سے باہر نکل کر زمین پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ (شِنہوا)

موسمیات ، ماحولیات اور جیوفزکس ایجنسی نے کہا ہے کہ زلزلہ جکارتہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجکر 21 منٹ(11 بجکر 21 منٹ پاکستانی وقت) پر آیا اور اس کا مرکز صوبہ مغربی جاوا کے ضلع سیانجور سے 10 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔