• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ہانگ کانگ سے خلائی مشنز کے پے لوڈ ماہرین کے لیے40 امیدوار ابتدائی طور پر منتخبتازترین

January 02, 2023

ہانگ کانگ(شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کے کل 40 امیدواروں نے خلائی مشنز کے پے لوڈ ماہرین کے لیے ابتدائی اسکریننگ پاس کر لی ہے جو ممکنہ طور پر چین کے مستقبل کے خلائی مشنزمیں شامل ہو ں گے۔ایچ کے ایس اے آر  حکومت کے سیکرٹری برائے اختراعات، ٹیکنالوجی اور صنعت سن ڈونگ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت نے اہل امیدواروں کی درخواستیں مین لینڈ حکام کوبھجوادی ہیں، جس کے بعد مین لینڈ حکام کے ساتھ مل کر ان امیدواروں کے انتخابی عمل کومکمل کیا جائے گا۔

سن نے کہا کہ 40 امیدواروں، جن میں 20 مرد اور 20 خواتین شامل ہیں، کا انتخاب ملک کے مقررہ معیار کے مطابق  کیا گیا، جس میں جسمانی فٹنس، تعلیمی قابلیت ، پیشہ ورانہ تجربات کے ساتھ ساتھ خلائی مشنز کے لیے ان کے شوق کو بھی مدنظر رکھا گیا تھا۔

سن نے کہا کہ انہوں نے تمام 40 امیدواروں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اوران کی شخصیت اور کیریئر کے منصوبوں سے آگاہی حاصل کی، اور یہ کہ وہ خلائی مشنوں کے لیے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جوش و جذبے سے بہت متاثرہوئے ہیں۔پے لوڈ ماہرین پیشہ ور سائنسی محققین ہیں جو بنیادی طور پر ایرو اسپیس تجربات یا تحقیق کرنے، خلائی لیبارٹری کے آلات کو چلانےاور دوسرے خلابازوں کے ساتھ خلائی اسٹیشنز کے روزمرہ آپریشنز کے انتظام کے ذمہ دار ہیں۔