ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ ایکسچینجز اینڈ کلیئرنگ لمیٹڈ نے خرگوش کے سال کا پہلا تجارتی دن منانے کے لئے 2020 کے بعد پہلی بار براہ راست افتتاحی تقریب منعقد کی۔
جمعرات کو ہانگ کانگ میں اسٹاکس اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا اور بینچ مارک ہینگ سینگ انڈیکس 341.72 پوائنٹس کے اضافے سے 22،386.37 پوائنٹس پر کھلا، جبکہ سونے کی قیمت 18 ہزار 88 ہانگ کانگ ڈالرز (تقریباً 2 ہزار 319 امریکی ڈالرز) رہی جو گزشتہ جمعے کے اختتام سے 198 ہانگ کانگ ڈالر زائد ہے۔
ہانگ کانگ کی گولڈ آپریٹر، دی چائنیز گولڈ اینڈ سلور ایکسچینج سوسائٹی نے بھی جمعرات کی صبح ایک براہ راست افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کی حکومت کے چیف سیکرٹری برائے انتظامیہ چن کووک کی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی مرکز کے طور پر ہانگ کانگ کی حیثیت چٹان کی طرح مضبوط ہے اور اس کے روشن امکانات ہیں۔
ہانگ کانگ حکومت کے مالیاتی سیکرٹری پال چھن نے ہانگ کانگ ایکسچینجز اینڈ کلیئرنگ لمیٹڈ کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ گزشتہ برس عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ہانگ کانگ کی مالیاتی منڈیوں نے منظم اور مستحکم انداز میں کام کرتے ہوئے زبردست لچک دکھائی۔ خرگوش کے سال میں ہانگ کانگ کی اسٹاک مارکیٹ ایک نئی سطح تک پہنچے گی۔
ہانگ کانگ ایکسچینجز اینڈ کلیئرنگ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نکولس اگوزن نے کہا کہ ہانگ کانگ کی آئی پی او مارکیٹ میں گزشتہ برس کی دوسری ششماہی میں بہتری آئی ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک 10 نئے شیئرز کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ اب تقریباً 100 نئے شیئرز جاری ہونے کے منتظر ہیں۔
اگوزن نے کہا کہ ہانگ کانگ ایکسچینجز اینڈ کلیئرنگ لمیٹڈ چینی سرمائے کو عالمی سطح پر لے جانے ، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے چینی مواقع لانے اور ہانگ کانگ کی مارکیٹ کی کشش، زندگی اور تنوع بڑھانے کے طریقے کی تلاش میں مدد جاری رکھے گا۔