ہانگ کانگ(شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت 28 دسمبر کو ٹیلنٹ سروس کا آن لائن پلیٹ فارم شروع کرے گی۔ایسے موقع پر جب مالیاتی مرکز ہنرمند افراد کی تلاش کی کوششیں تیز کررہے ہیں اس اقدام کا مقصد داخلے کی درخواست کو آسان بنانا ہے۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے انتظامی چیف سیکرٹری چھان کے ووک- کی نے کہا کہ ٹیلنٹ سروس یونٹ (ٹی ایس یو) کا پلیٹ فارم نہ صرف ہانگ کانگ کی ٹیلنٹ ایڈمیشن سکیموں بارے معلومات فراہم کرے گا بلکہ ایچ کے ایس اے آر امیگریشن ڈیپارٹمنٹ سے بھی رابطہ کرے گا، جس سے پوری دنیا سے ہنرمند درخواستیں جمع کرانے یا آن لائن تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔
چھان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایچ کے ایس اے آر حکومت ٹیلنٹ کو متوجہ کرنے کی حکمت عملی کی تشکیل، اس پر عملدرآمد اور مربوط کرنے کے لیے ٹی ایس یو دفتر کے قیام کے لیے بھی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ٹیلنٹ ایڈمیشن سکیموں کی درخواست اور منظوری کے عمل کو مکمل طور پر سادہ اور آسان بنایا جائے گا۔ درخواست کی منظوری کا عمل عام طور پر مطلوبہ ڈیٹا اور معاون دستاویزات جمع کرانے کے بعد چار ہفتوں کے اندر مکمل کیا جا سکتا ہے۔
چھان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کم از کم 35ہزار ہنرمند افراد کو راغب کرنے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا جن کے اگلے تین سالوں کے دوران کم از کم 12 ماہ یہاں قیام کی توقع ہے۔