واشنگٹن (شِنہوا) امریکہ میں یوم مزدور پراختتام ہفتہ کی تعطیلات کے دوران متعدد شہروں میں درجنوں امریکی شہریوں کو گولیاں ماری گئیں جن میں سے 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
اختتام ہفتہ کی چھٹیوں کے دوران فلاڈیلفیا اور شکاگو سمیت بڑے امریکی شہروں میں اسلحہ کے تشدد کے واقعات ہوئے۔
شگاگو پولیس کے مطابق جمعہ کی شب سے ہفتہ کی شب کے درمیان فائرنگ کے واقعات میں 7 افراد ہلاک اور کم سے کم 44 زخمی ہوئے۔
اے بی سی 7 شکاگو نے بتایا کہ شام 6 بجکر 30 منٹ کے قریب متعدد حملہ آوروں نے چھپ کر حملہ کیا جس سے فٹ پاتھ پر کھڑے ایک 24 سالہ شخص کی پشت پر کئی گولیاں لگیں۔
اسی شام 4 افراد نے جنوبی شکاگو میں 15 سالہ ایک راہ گیر لڑکے پر 45 راؤنڈز فائر کئے۔ 2 راؤنڈز اس کی پشت میں لگے جبکہ لڑکے کو اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی نصف شب کے بعد شکاگو کے شمال میں ایک 31 سالہ شخص کو سینے میں گولی ماری گئی جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔
چند گھنٹے بعد شکاگو یونیورسٹی میڈیکل سینٹر لایا گیا ایک 22 سالہ شخص ہلاک ہوگیا ہے اسے متعد گولیاں لگی تھیں۔
ہفتہ کی سہ پہر شکاگو میں گیس اسٹیشن پر جھگڑے کے دوران ایک 28 سالہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ہفتے کو رات 11 بجے کے قریب ایک گھر میں جھگڑے کے بعد فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔
ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔