سان فرانسیسکو(شِنہوا)امریکی شہر سان فرانسیسکو کے بے ایریا میں طوفان سے متعلقہ واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
شہر کے حکام نے بتایا کہ سان فرانسیسکو کے دو رہائشی منگل کی سہ پہر گرنے والے درختوں کے الگ الگ واقعات میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےہلاک ہو گئے۔
تین دیگر افراد شدید موسم کی وجہ سے ہلاک ہو گئے جن میں سے ایک سان میٹیو کاؤنٹی ، دوسرا والنٹ کریک اور تیسرا اوکلینڈ میں ہلاک ہوا۔
آگ بجھانے کا عملہ سان فرانسیسکو میں فلک بوس عمارتوں کے آس پاس کے علاقوں میں صورتحال پر قابو پانے کے لیے کام کررہا ہے جہاں تیز ہواؤں سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنےکے باعث ملبہ آ گرا۔ عملہ سان فرانسیسکو میں تقریباً 700 گرے ہوئے درختوں کوراستے سے ہٹانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شہر کے حکام نے بتایا کہ پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی نے خیلجی علاقے کے78 ہزار 516 صارفین کو بجلی کی فراہمی روک دی جبکہ بدھ تک سان فرانسیسکو میں 8 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل کی گئی۔
سان میٹیو کاؤنٹی کے پولیس دفتر نے وڈ سائیڈ کے علاقے میں تقریباً 30 گھروں کے لیے "فوری انخلاء" کی وارننگ جاری کی جہاں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سےسڑک بند ہو گئی۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بدھ کی صبح سان فرانسیسکو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیےپروازوں میں تاخیر کا نوٹس جاری کیا جس میں تیز ہواؤں کی وجہ سے پروازوں کی روانگی میں اوسطاً ایک گھنٹہ کی تاخیر ہوئی۔