ہوسٹن(شِنہوا)امریکہ کی جنوبی ریاست لوویزیانا میں موسم سرما کے شدید طوفان کے نتیجے میں پیدا ہونیوالے بگولوں کے باعث کم از کم 3 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
پیرش کے صدر میتھیو جیول نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ 4 ڈبلیو ڈبلیو ایل کو بتایا کہ گزشتہ روز سینٹ چارلس پیرش کے ایک چھوٹے سے محلے کیلونا میں طوفان کے باعث ایک شخص ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
سینٹ چارلس پیرش کے شیرف دفتر نے ٹویٹ کیا کہ کیلونا میں متعدد رہائش گاہوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور پولیس زخمی یا پھنسے ہوئے لوگوں کی رہائش گاہوں کا معائنہ کر رہی ہے۔
کیڈو پیرش کے شیرف دفتر کے مطابق اس سے قبل بدھ کے روز ہی ریسکیو اہلکاروں کو منگل کی شب کیتھ ریل میں ای ایف ۔ 2 طوفانی بگولے سے تباہ ہونیوالے گھر سے ایک گلی کے فاصلے پر ملبے تلے دبی ایک 30 سالہ ماں کی لاش ملی ہے۔ اس کے 8 سالہ بیٹے کی لاش بھی ان کے گھر سے ڈیڑھ میل دور جنگل سے مل گئی ہے۔
مارچ میں ای ایف ۔ 3 طوفانی بگولے سے متاثر ہونیوالے گریٹنا اور عرابی سمیت نیو اورلینز میٹرو میں گزشتہ سہ پہر ایک اور طوفانی بگولے کے باعث علاقے میں 30 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز نیو ابیریا میں طوفانی بگولے کے باعث کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ایک ہسپتال اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔