بیجنگ(شِنہوا)چین نے امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین کے دورہ چین کی خواہش کا خیرمقدم کیا ہے۔چینی وزارت تجارت کی ایک ترجمان شوجوئے تنگ نے یہ بات ایک پریس کانفرنس میں میڈیا رپورٹس پر تبصرہ میں کہی جن میں کہا گیا ہے کہ یلین اب بھی دورہ چین بارے پرامید ہیں۔شو نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ دونوں فریق معمول کا رابطہ برقراررکھیں۔ چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی نے گزشتہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں یلین کے ساتھ مثبت بات چیت کی تھی۔بائیڈن انتظامیہ کے امریکی کمپنیوں کو ہواوے سے متعلق برآمدی لائسنس کی فراہمی روکنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے شو نے کہا کہ چین نے ہمیشہ امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے نام پر مارکیٹ اکانومی اور بین الاقوامی تجارتی قوانین کی خلاف ورزی، چینی کمپنیوں پرنامناسب پابندیاں عائد کرنے اور انہیں دبا میں لانے کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عالمی تکنیکی اختراع ، صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو خطرے سے دوچار کرتے ہیں ۔ چینی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کا چین بھرپور دفاع کرے گا۔امریکہ کی جانب سے "بدنام مارکیٹوں" کی فہرست جاری کرنے بارے شو نے کہا کہ اس طرح کا اقدام انتہائی غیر پیشہ ورانہ اور غیرذمہ دارانہ ہے اور چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی حکومت دانشورانہ ملکیتی حقوق کے تحفظ کو نہایت اہمیت دیتی ہے اور اس ضمن میں قانون سازی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو مسلسل بہتربنارہی ہے، صنعت کے خود نظم وضبط میں رہنمائی فراہم کررہی ہے اور قانون کی خلاف ورزیوں پر سخت سے سخت سزا دے رہی ہے۔شو نے کہا کہ چین دانشورانہ ملکیتی حقوق کے تحفظ پر دیگر ممالک کے ساتھ تعاون مستحکم کرنے اور عالمی کمپنیوں کے لئے منصفانہ کاروباری ماحول پیدا کرنے میں مدد کا خواہش مند ہے۔