• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

امریکی کار سازصنعت کی الیکٹرک گاڑیوں میں پسپائی تیز ہوگئی ، امریکہ جریدہتازترین

August 23, 2024

نیویارک (شِنہوا) امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ فورڈ موٹر نے رواں ہفتے بڑے پیمانے پر تشہیر کردہ مستقبل کی الیکٹرک گاڑیوں پر کام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو امریکہ میں الیکٹرک گاڑیوں سے پسپائی کا عمل تیز ہونے کی علامت ہے۔

مشی گن کے آٹومیکر ڈیئربورن نے اعلان کیا تھا وہ الیکٹرک، فیملی ہولر اسپورٹس یوٹیلٹی گاڑی کا منصوبہ ترک کررہا ہے جسے چیف ایگزیکٹو جم فارلے "ذاتی بلٹ ٹرین" قرار دیتے تھے۔ اس اقدام سے کار ساز کمپنیوں کے الیکٹرک ماڈلز ، فیکٹریوں اور بیٹری منصوبوں میں تاخیر یا ان میں سرمایہ کاری ختم کرنے کی خبروں میں اضافہ ہورہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنرل موٹرز، ووکس ویگن، مرسڈیز اور دیگر کار ساز اداروں  نے بھی حالیہ مہینوں میں الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق اپنے منصوبے محدود کئے ہیں۔ ان تمام منصوبوں کو یکجا کرکے دیکھا جائے تو یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ صارفین رواں دہائی میں مکمل طورپر الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل نہیں ہوسکیں گے جس پر رواں دہائی کے آغاز پر بھاری سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ سروے بتاتے ہیں کہ امریکہ کے نصف سے زائد صارفین الیکٹرک کار خریدنے کو تیار ہیں تاہم  نسبتاََ زائد قیمت اور چارجر کی عدم دستیابی جیسے خدشات لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں۔ امریکہ اور دیگر خطوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت اب بھی بڑھ رہی ہے تاہم کئی نئے ماڈلز کے مارکیٹ میں آنے کے باوجود الیکٹرک کاروں میں اضافے کی رفتار میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے۔