سان فرانسسکو(شِنہوا) امریکہ کی ڈیلٹا ائیرلائن کے طیاروں کو گزشتہ ہفتے کے 48 گھنٹوں کے دوران چار بڑے حادثات کاسامنا کرنا پڑا جن میں سان فرانسسکو جانے والی دو پروازیں بھی شامل ہیں۔ یہ بات سان فرانسسکوکرونیکل کی رپورٹ میں بتائی گئی۔
جمعرات کو بوسٹن سے سان فرانسسکو جانے والی پرواز ڈی ایل 475 کا ایک انجن فیل ہونے کی وجہ سے پرواز کو دوران سفر ہی واپس بھیج دیا گیا۔ایئربس اے 321-200 این کا عملہ روانگی کے تقریبا 20 منٹ بعد بوسٹن لوگن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بحفاظت واپس آگیا۔یہ طیارہ اکتوبر 2022 سے خدمات انجام دے رہا ہے اور گزشتہ صبح تک بوسٹن میں گراؤنڈ رہا۔
جمعے کے روز اٹلانٹا سے سان فرانسسکو جانے والی ڈیلٹا کی ایک اور پرواز ڈی ایل 916 میں تیل کی مقدار اور دباؤ میں کمی کی وجہ سے دائیاں انجن بند ہو گیا۔ بوئنگ 757-200 کو سالٹ لیک سٹی کی طرف بھیجا گیا، جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کر لی۔
نیو یارک سے برلن جانے والی پرواز ڈی ایل 92 کو اینٹی اسکڈ بریک میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث بوئنگ 767-300 ای آر کے عملے نے برلن میں دستیاب طویل ترین رن وے اور لینڈنگ کے بعد ہنگامی خدمات کی درخواست کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق طیارے نے جمعے کے روز برلن میں بحفاظت لینڈنگ کی اور ہنگامی اور دیکھ بھال کے عملے نے اسے واپسی کے شعبے کے لیے کلیئر کر دیا۔
مزید برآں ویسٹ پام بیچ سے بوسٹن جانے والی پرواز ڈی ایل 1245 کو جمعرات کو اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد جہاز کے بائیں انجن میں آگ لگ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایئربس اے 320 کے عملے نے ویسٹ پام بیچ پر واپسی کے دواران آگ بجھا دی اور بحفاظت لینڈنگ کی۔