تہران(شِنہوا) ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے حملوں کا تعلق ایران سے نہیں ہے۔
ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے واشنگٹن کے ان الزامات کو مسترد کیا کہ علاقائی ممالک میں قائم امریکی اڈوں پر امریکہ مخالف گروپوں کے حملوں کے پیچھے تہران کا ہاتھ ہے۔
واحدی نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنے جرائم کا ارتکاب امریکی آشیرباد سے کر رہا ہے اور امریکہ کو کہیں بھی "بنیادی مجرم" کے طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے کیونکہ وہ "تصادم کا اصل ذمہ دار ہے۔"
گزشتہ دنوں شام اور عراق میں امریکی اڈوں کو متعدد حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کا الزام واشنگٹن نے "ایران نواز جنگجوؤں" پر عائد کیا تھا۔