واشنگٹن(شِنہوا) امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا ہے کہ محکمہ انصاف کو اسرائیل-حماس تنازعہ کے دوران امریکہ میں یہودی، مسلم اور عرب کمیونٹیز اور اداروں کے خلاف مبینہ خطرات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ریاست فلوریڈا کے جیکسن ویل میں اظہارخیال کرتے ہوئے گارلینڈ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے تمام 94 اٹارنی دفاتر اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پورا محکمہ انصاف خاص طور پر مذہبی کمیونٹیز کو لاحق خطرات پر توجہ دیتے ہوئے نفرت انگیز جرائم، تشدد کی دھمکیوں یا متعلقہ واقعات کی شناخت اور ان سے نمٹنے کی کوششوں میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ کی طرح، محکمہ انصاف امریکیوں کو دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے میں مصروف ہے۔
7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور اس کے نتیجے میں حماس کے زیر کنٹرول غزہ کے علاقے پر اسرائیل کی بمباری کے بعد امریکہ بھر میں مظاہرے جاری اور کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث امریکی شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔