لاس اینجلس (شِنہوا) نوول کرونا وائرس اور منشیات کے زائد استعمال سے اموات میں اضافے کے سبب امریکہ میں اوسط عمر 1996 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
امریکی مراکز برائے بیماریوں کی روک تھام اور تدارک (سی ڈی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق 2021 میں مجموعی طور پر 34 لاکھ 64 ہزار 231 اموات ہوئیں جو 2020 کی نسبت 80 ہزار 502 زائد ہیں۔
امریکی مراکز برائے بیماریوں کی روک تھام اور تدارک نے بتایا ہے کہ 2020 میں امریکی آبادی کی اوسط عمر 77 برس تھی جو 2021 میں کم ہوکر76.4 برس ہوگئی، یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب اس میں کمی واقع ہوئی ہے۔
گزشتہ برس امریکہ میں امراض قلب اموات کی سب سے بڑی وجہ رہی ، اس کے بعد سرطان اور نوول کرونا وائرس کا نمبر آتا ہے۔
امریکی مراکز برائے بیماریوں کی روک تھام اور تدارک کے مطابق 2021 میں تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار امریکی منشیات کے زائد استعمال سے موت کے منہ میں چلے گئے جو 2020 کی نسبت تقریباً 16 فیصد زائد ہے۔
ملک میں گزشتہ 2 عشروں کے دوران منشیات کی زائد مقدار سے ہونے والی اموات میں 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔