واشنگٹن(شِنہوا)امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے شام میں اپنی افواج کے قریب آنے والےایک مسلح ترک ڈرون کو مار گرایا۔
پینٹاگون کے پریس سکریٹری پیٹ رائڈر نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی کمانڈروں کو ترک ڈرون(یو اے وی) کی شام میں موجود امریکی افواج سے آدھے کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر پرواز کی اطلاع ملی۔
پیٹ رائڈر نے کہاکہ امریکی ایف-16 لڑاکا طیاروں نے اپنے دفاع میں ڈرون کو مار گرایا تاہم پینٹاگون کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ترکیہ جان بوجھ کر امریکی افواج کو نشانہ بنا رہا تھا۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر سے اس واقعے پر تبادلہ خیال کے لیے فون پر گفتگو کی۔
رائڈر کے مطابق فون کال پر گفتگو میں آسٹن نے اپنے ترک ہم منصب پر زور دیا کہ وہ شمالی شام میں کشیدگی میں کمی کے لیے عزم ظاہر کریں جبکہ انہوں نے قائم فوجی روابط کے ذریعےتضاد کو ختم کرنے کے پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع نے ترکیہ کے جائز سیکورٹی خدشات کو تسلیم کیا اور امریکی افواج کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیے امریکہ اور ترکیہ کے درمیان قریبی ہم آہنگی کے اپنے عزم کی اعادہ کیا۔