لاس اینجلس (شِنہوا) امریکی ریاست کولوراڈو میں 2 چھوٹے طیارے فضا میں ٹکرانے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
بولڈرکاؤنٹی شیرف دفتر کے مطابق تصادم کی ابتدائی اطلاع مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 8 بجکر 54 (پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجکر 54 ) منٹ پر ملی۔
امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کولوراڈو کے لانگ مونٹ کے قریب فضا میں سیسنا 172 اور سونیکس زینوس طیارے کے تصادم کی تحقیقات کررہا ہے۔
شیرف آفس نے خبر جاری کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اطلاع دینے والوں نے حادثے کی 2 الگ الگ جگہ دریافت کی۔
شیرف دفترنے بتایا کہ تباہ ہونے والا پہلا طیارہ جنوب کی سمت نیوٹ روڈ کے 10 ہزار بلاک پر ملا ۔ طیارے میں 2 افراد کے سوار ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جو جائے حادثے پر پہنچنے والی ٹیم کی آمد سے قبل ہلاک ہوچکے تھے۔
شیرف دفتر نے بتایا کہ حادثے کا شکار دوسرا طیارہ شمال کی سمت میں نیوٹ روڈ کے 9 ہزار 700 بلاک پرملا ہے اور اس میں ایک شخص سوار تھا جو امدادی ٹیم کی آمد سے قبل ہلاک ہوچکا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔