واشنگٹن(شِنہوا) امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاس کے اوول آفس میں امریکہ میں چین کے نئے سفیر شئے فنگ کی سفارتی اسناد کو قبول کرلیا۔ امریکی صدر بائیڈن نے شئے کو نیا عہدہ سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور ان سے امریکہ۔ چین تعلقات پر بات چیت کی۔ شئے نے کہا کہ امریکہ میں عوامی جمہوریہ چین کے 12 ویں سفیر کی حیثیت سے تقرری ان کے لئے نہ صرف اعزاز ہے بلکہ بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2022 میں چینی صدر شی جن پھنگ اور امریکی صدر جوبائیڈن نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ایک کامیاب ملاقات کی اور اہم مشترکہ مفاہمت پر پہنچے، چین صدر شی کے پیش کردہ 3 اصولوں یعنی باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی فائدہ مند تعاون پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ اسی سمت میں کام کرتے ہوئے بالی میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ مشترکہ مفاہمت پر سنجیدگی سے عمل کرے گا۔ اس کے ساتھ امریکہ نئے دور میں دونوں ممالک کے ساتھ ملکر چلنے کی درست راہ تلاش کرے گا تاکہ چین ۔ امریکہ تعلقات میں استحکام پیدا ہو اور وہ درست سمت میں واپس آسکیں۔ شئے عہدہ سنبھالنے کے لیے 23 مئی کو امریکہ پہنچے تھے۔