لاس اینجلس (شِنہوا) امریکہ میں وبا کے آغاز سے اب تک تقریباً 1 کروڑ 56 لاکھ بچوں میں نوول کرونا وائرس وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکن اکیڈمی برائے اطفال اور چلڈرن اسپتال ایسوسی ایشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 20 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں تقریباً 9 ہزار بچے نوول کرونا وائرس کا شکار ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 7 ماہ میں رپورٹ ہونے والے بچوں کے کیسز کی ہفتہ وار تعداد اوسطاً 27 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ 4 ہفتوں میں رپورٹ کردہ کیسز کی ہفتہ وار اوسط تعداد کم ہوکر 11 ہزار رہ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں میں نوول کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد نسبتاً کم درج ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں نئی اقسام سے بیماری کی شدت اور ممکنہ طویل مدتی اثرات کا اندازہ لگانے کے لئے عمر کے اعتبار سے مزید اعداد و شمار جمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
امریکن اکیڈمی برائے اطفال نے کہا کہ یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ بچوں کی صحت پر وبا کے اثرات فوری ہیں۔ تاہم بچوں اور نوجوانوں کی اس نسل کی جسمانی ، ذہنی اور معاشرتی ترقی پر دیرپا اثرات کو جانچنے اور ان سے نمٹنا زیادہ اہم ہے۔