لاس اینجلس (شِنہوا) امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (اے اے پی) اور چلڈرن ہاسپیٹل ایسوسی ایشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق امریکہ میں وبا کے آغاز سے اب تک 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں میں نوول کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ان میں تقریباً 1 لاکھ 14 ہزار کا اضافہ گزشتہ 4 ہفتے میں ہوا ہے۔
یکم دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 28 ہزار 600 بچوں میں نوول کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ شدہ کیسز ممکنہ طور پر بچوں کے نوول کرونا وائرس کے کیسز کا چھوٹا سا حصہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی اقسام کی بیماری میں شدت کے ساتھ ساتھ ممکنہ طویل مدتی اثرات کا اندازہ لگانے کے لئے عمر کے اعتبار سے زیادہ اعداد و شمار جمع کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس نے کہا ہے کہ یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ بچوں کی صحت پر وبائی مرض کے فوری اثرات ہیں تاہم اہم بات یہ ہے کہ ہمیں بچوں اور نوجوانوں کی اس نسل کے جسمانی، ذہنی اور سماجی فلاح و بہبود پر دیرپا اثرات کی نشاندہی کرنے اور ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔