سکرامینٹو (شِنہوا) امریکہ کی مغربی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ریاست کے تمام اسکولوں پر زور دیا ہے کہ وہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی کلاس رومز میں اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کریں۔
اسکول سربراہوں کے نام ایک خط میں گورنر نیوسم نے نوجوانوں میں اسمارٹ فون کے زیادہ استعمال سے متعلق بڑھتے خدشات کو دور کرکے طلباء کے لئے تعلیم کا بہترین ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال اضطراب، افسردگی اور دیگر ذہنی صحت کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے اسکولوں پر زور دیا کہ وہ اسمارٹ فون کے استعمال کو محدود کرکے اسکول پر توجہ مرکوز کرنےمیں طلبا کی مدد کے لئے ابھی سے کام شروع کریں۔
گورنر کی جانب سے یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسمارٹ فون کے استعمال سے نوجوانوں کی ذہنی صحت متاثر ہونے شواہد ملے ہیں۔ پیو ریسرچ سینٹر کے ایک سروے کے مطابق ہائی اسکول کے 72 فیصد اور مڈل اسکول کے 33 فیصد اساتذہ نے موبائل فون کو خرابی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ کامن سینس میڈیا کی تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ امریکہ میں 97 فیصد طلبا دوران اسکول اوسطاََ 43 منٹ اپنے فون کا استعمال کرتے ہیں۔